پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کی کمی

 


اس کٹوتی کے بعد دہلی میں پٹرول کی قیمت 96.72 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 94.72 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 89.62 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 87.62 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
نئی دہلی: عام انتخابات کے اعلان سے قبل مرکزی حکومت نے عوام کو بڑی راحت دیتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کی کمی کی ہے، جس کا اطلاق جمعہ کی صبح 6 بجے سےپورے ملک میں ہو گیا ہے۔
حکومت کے اس فیصلے کے بعد ملک کی تمام ریاستوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ کل رات دیر گئے، وزارت پٹرولیم نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے 15 مارچ کی صبح 6 بجے سے ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے بعد وزیر پیٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری نے ایکس پر لکھا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو روپے فی لیٹر کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت پیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کئے جانے سے لوگوں کی خرچ کرنے کی طاقت میں اضافہ ہوگا اور اس سے ڈیزل سے چلنے والی 58 لاکھ بھاری گاڑیوں کے آپریٹنگ اخراجات میں کمی سے، 6 کروڑ کاروں اور 27 کروڑ دو پہیہ گاڑیوں کو فائدہ پہنچے گا۔

مرکزی حکومت کے اس فیصلے سے پہلے راجستھان حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر 4 فیصد ویٹ کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کی وجہ سے ریاست میں پٹرول 1.40 سے 5.30 روپے سستا ہو گیا ہے، جب کہ ڈیزل 1.34 روپے سے لے کر 4.85 روپے تک سستا ہو گیا ہے۔

 جے پور میں آج پٹرول کی قیمت 108.83 روپے سے کم ہو کر 104.88 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 94.04 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 90.36 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

تیل کی بڑی مارکیٹنگ کمپنی ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن کی ویب سائٹ پر جاری کردہ نرخوں کے مطابق آج ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹرکی کمی ہوئی ہے۔

عالمی سطح پر آج امریکی خام تیل 0.15 فیصد گر کر 81.14 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ اسی طرح لندن برینٹ کروڈ کی قیمت 0.18 فیصد گر کر 85.27 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.