اتراکھنڈ : ہلدوانی میں مدرسہ اور مسجد منہدم، علاقے میں کشیدگی شرپسندوں و دیکھتے ہی گولی مارنے کاحکم(ویڈیو)

 


ہلدوانی:8۔فروری ( ایجنسیز) اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں پولیس اور مقامی باشندوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں، جب میونسپل حکام نے ایک مدرسے اور مسجد کو سرکاری زمین پر تجاوزات قرار دیتے ہوئے اسے منہدم کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق جھڑپوں کے دوران متعدد پولیس اہلکار، اور صحافی زخمی ہوئے ہیں اور پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ہلدوانی میونسپل اہلکاروں کی جانب سے بنبھول پورہ پولیس اسٹیشن کے قریب واقع مدرسے کو منہدم کرنے کے فوراً بعد جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ پولس نے شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کاحکم دیاہے۔



جوابی کارروائی میں مشتعل مقامی باشندوں نے میونسپل اہلکاروں اور پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔ انہدام کے دوران میونسپل کمشنر پنکج اپادھیائے، سٹی مجسٹریٹ ریچا سنگھ، اور ایس ڈی ایم پریتوش ورما موقع پر موجود تھے۔دریں اثنا، نانیتال ضلع مجسٹریٹ نے بھنبھول پورہ میں کرفیو نافذ کر دیا ہے اور دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بھی سینئر حکام کی میٹنگ بلائی ہے اور علاقے میں اضافی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ہلدوانی میونسپل کارپوریشن پچھلے کچھ دنوں سے اس علاقے میں انسداد تجاوزات مہم چلا رہی ہے۔



اسی سلسلے میں انتظامیہ نے مدرسہ اور ایک زیر زمین مسجد نما ڈھانچہ کو منہدم کرنے کا منصوبہ بنایا۔ طے شدہ کارروائی سے قبل مذہبی رہنماؤں اور مقامی کونسلروں نے میونسپل کمشنر پنکج اپادھیائے کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کی۔ یہاں تک کہ جب مقامی نمائندوں نے حکام کو مدرسہ کو منہدم کرنے سے روکنے کی کوشش کی تو ان مباحثوں کے دوران کشیدگی پیدا ہوگئی کیونکہ عہدیداروں نے مطالبہ ماننے سے انکار کردیا۔حکام کے مطابق، تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ بنبھول پورہ میں ملک کا باغیچہ کے نام سے مشہور علاقے میں نازول زمین پر ‘ نماز کی جگہ ‘ غیر قانونی طور پر تعمیر کی جا رہی تھی۔



میونسپل کارپوریشن کی طرف سے ایک نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس میں مدرسہ کے حکام کو یکم فروری تک جگہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔مقامی باشندوں نے مدرسے کو منہدم کرنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہیں خدشہ تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں مدارس کو غیر قانونی تعمیرات کے نام پر منہدم کیا جارہا ہے۔ آسام میں کئی مدارس کو منہدم کردیا گیا۔

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.