جمعیتِ علماء سلیمانی چوک کے وفد کی جامعہ ابو حنیفہ (سرے گاؤں) تعلقہ ایولہ کے سالانہ جلسہ میں شرکت
0
January 30, 2024
مورخہ 28 جنوری 2024 بروز اتوار دوپہر ایک بجے، جامعہ ابو حنیفہ کے ناظم و بانی قاضی احمد صاحب کی دعوت پر جمعیتِ علماء سلیمانی چوک کا 8 افراد پر مشتمل ایک وفد دفتر جمعیتِ علماء سلیمانی چوک سے حضرت مولانا نیاز احمد ملی صاحب کی امارت میں سرے گاؤں کے لئے روانہ ہوا، تقریباً ڈھائی بجے جامعہ ابوہریرہ( ایولہ) پہونچے مدرسہ کے ناظم مولانا شاکر صاحب اور سر پرستانِ مدرسہ مولانا وسیم صاحب (صدر جمعیتِ علماءایولہ) مولانا عبدالشكور صاحب ملی( سرپرست جامعہ ابوھریرہ ایولہ) اورمدرسہ ھذا کے استاد مولانا نعیم محمدی صاحب، مولانا وسیم پپرکھیڑی صاحبان سے ملاقات ہوئی، جامعہ ابوہریرہ کئی سالوں سے بند تھا، مذکورہ بالا حضرات نے از سرِ نو دوبارہ جاری کیا ، الحمدللہ طلباء کی تعداد ماشاء اللہ کافی ہے، اساتذہ بڑی محنت و جانفشانی اور خلوص کے ساتھ کسمپرسی کی حالت میں طلباء کو زیورِ علم سے آراستہ و پیراستہ کررہے ہیں، اور اس کی تابانی کو واپس لانے کی کاوشیں کررہے ہیں، وفد کے رہبر قاری اخلاق احمد جمالی صاحب نے پورے مدرسہ کا معائنہ کیا، مکمّل جانکاری حاصل کی، پھر ضروریات سے فارغ ہونے کے بعد، مولانا جمال ناصر ایوبی صاحب کی اقتداء میں سب نے نمازِ ظہر ادا کی، بعد فراغتِ صلوۃ کے مولانا شاکر صاحب کی جانب سے پُر لطف ظہرانہ کا نظم تھا، تمام ساتھیوں نے کھانا تناول فرمایا، اور فراغتِ طعام کے بعد، تھوڑی دیر استراحت فرما کر نمازِ عصر ادا کر کے ، اگلی منزل کی جانب نشاط و انبساط کے ساتھ رواں دواں ہوگئے، سرے گاؤں ایولہ سے تقریباً 15 کلو میٹر دوری پر واقع ہے، مغرب سے قبل جلسہ گاہ میں پہونچے، قاضی صاحب اور دیگر اساتذہ کرام نے، محبت سے لبریز انداز میں معانقہ کیا، حال احوال دریافت کئے، آفس میں بیٹھا کر چائے پیش کی، پھر نمازِ مغرب قاری عبداللہ صاحب فیصل گائیڈ کی اقتداء میں ادا کی، نمازِ مغرب کے بعد فوراً پروگرام شروع ہوگیا، طلباء نے بہترین انداز میں میں اپنے آموختہ کو سامعین کے درمیان بلا خوف و خطر پیش کیا، اس جلسہ کی یہ خصوصیت رہی ہے، کہ اطراف و اکناف اور مالیگاؤں شہر کے نامور علماء کرام نے بھی شرکت کی، اسی طرح عوام کا بھی ایک جمِ غفیر تھا، مسندِ تدریس پر علمی گتھیاں سلجھانے والے، میدانِ خطابت و صحافت کو تابانی عطا کرنے والے قلمکار و خطیب ، حضرات بھی رونقِ اسٹیج تھے، اس پروگرام کے مقرر خصوصی حضرت مولانا مفتی حامد ظفر ملی رحمانی صاحب تھے اور اس جلسہ کے صدرِ نشین حضرت مولانا نظام الدین فخر الدين صاحب تھے، مفتی صاحب کے خطاب سے قبل جمعیتِ علماء ضلع ناسک کے خازن اور شہر کے مشہور و معروف قارئ القرآن ، قاری عبداللہ فیصل صاحب گائیڈ نے اپنی دلکش آواز میں قرآن کی تلاوت کی، پھر مقرر خصوصی مفتی حامد ظفر ملی رحمانی صاحب نے موقع کی مناسبت سے عمدہ انداز میں مختصر بالجامع خطاب فرمایا، اسی طرح صدرِ جلسہ نے خطبہ صدارت میں اہم نکات کی طرف اشارہ کیا اور پھر مولانا عبدالقيوم قاسمی صاحب کی دعا پر اس جلسہ کا اختتام عمل میں آیا، یقیناً یہ جلسہ بہت کامیاب رہا، ڈسپلن، بھی خوب رہا، فراغتِ طعام کے قاضی صاحب نے ارکانِ وفد کے ہر ایک ساتھی سے معانقہ کیا، تشکّر آمیز انداز میں شکریہ ادا کیا، ارکانِ وفد نے بھی قاضی صاحب کا شکریہ ادا کیا اور تقریباً ساڑھے بارہ بجے رات شہر میں واپسی ہوئی اس وفد میں حضرت مولانا نیاز احمد ملی قاری اخلاق احمد جمالی، مولانا جمال ناصر ایوبی، قاری عبداللہ فیصل گائیڈ، حافظ عبدالعزیز رحمانی مفتی محمد اسلم جامعی، حافظ محسن کریم محمدی، اور خلیل احمد ایم ایم مدنی شامل تھے